صنعاء 30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مبصرین کے نزدیک یمن کے معزول صدر علی عبداللہ صالح کی سیاسی جماعت جنرل پیپلز کانگریس نے ملک کے امور چلانے کے لیے ایک سیاسی کونسل تشکیل دینے سے متعلق حوثیوں کے ساتھ جومعاہدہ کیا ہے۔وہ نہ صرف باغیوں کی جانب سے کویت مذاکرات کا سقوط ہے بلکہ اس سے جنرل پیپلز کانگریس کے اندرپھوٹ پڑجانے کا خطرہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔معاہدے طے پانے کے بعد چوبیس گھنٹوں سے بھی پہلے عدن، حضرموت اور مارب صوبوں میں صالح کی سیاسی جماعت کی شاخوں نے معاہدے کو مسترد کرنے اور ساتھ ہی صدر عبدربہ منصور ہادی کی آئینی حیثیت اور ڈاکٹر احمد عبید بن دغر کی حکومت کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ آنے والے دنوں میں ملک کے شمال اور جنوب میں دیگر صوبوں کی شاخوں کی جانب سے بھی مماثل مواقف سامنے آئیں گے۔عدن ، مارب اور حضرموت صوبوں میں جنرل پیپلز کانگریس پارٹی کی شاخوں کی جانب سے معاہدے پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ ان شاخوں نے اپنے علاحدہ بیانوں میں کہا ہے کہ "انقلابی فریقوں کی جانب سے سیاسی کونسل کی تشکیل اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ یمن میں سیاسی حل سے متعلق تمام امکانات کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اقدام سیاسی جانب باقی رہ جانے والے عناصر کو تباہ کرنے کے لیے ہے۔ کونسل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ قومی منشور کی صریح مخالفت ہے۔ جنرل پیپلز کانگریس پارٹی کو اس معاہدے سے فوری طور پر لاتعلقی کا اعلان کرنا چاہیے۔
شام کے مستقبل کے بارے میں پُر امید نہیں ہیں، سی آئی اے سربراہ کا بیان
نیویارک30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ جان برینن کا کہنا ہے کہ وہ شام کے بہتر مستقبل کے بارے میں پُر امیدنہیں ہیں۔نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق برینن نے کہا کہ ان کے خیال میں شام مستقبل میں بھی اپنے پاؤں پر کھڑا ہوتا دکھائی نہیں دیتا۔ ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ کسی اعلیٰ امریکی اہلکار نے عوامی سطح پر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ پانچ سالہ خانہ جنگی کے بعدشام کا بطور ایک متحدہ ریاست برقرار رہنا مشکل ہے۔
بحر الکاہل میں شدید زلزلہ، سونامی کا کوئی امکان نہیں
نیویارک30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق جمعے اورہفتے کی درمیانی شب بحر الکاہل میں شدید زلزلہ آیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.7ریکارڈ کی گئی جب کہ اس کامرکزسمندر سے نیچے زمین میں212کلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔ پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے بتایا کہ اس زلزلے کے مرکز کی اتنی زیادہ گہرائی کے پیش نظر سونامی کے کوئی امکانات نہیں ہیں۔ تقریباََآدھی رات کے وقت آنے والے اس زلزلے کامرکزشمالی ماریاناجزائرکے قریب تھا۔
ترکی اور یورپی یونین کے مابین مہاجرین سے متعلق معاہدہ ختم ہو سکتا ہے
برسلز30جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)یورپی کمیشن کے صدر ژاں کلود یُنکر کے مطابق تارکین وطن کی آمد کو روکنے کے لیے ترکی اور یونین کے مابین طے پانے والامعاہدہ ختم ہونے کے خطرات کافی زیادہ ہیں۔ یُنکر کا کہنا تھا ترک صدر رجب طیب ایردوآن کافی مرتبہ اس بات کا عندیہ دے چکے ہیں کہ وہ اس معاہدے پر عمل درآمد روک سکتے ہیں۔ یورپی کمیشن کے سربراہ نے اس خدشے کا اظہار بھی کیا کہ معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں بڑی تعداد میں تارکین وطن دوبارہ یورپ کا رخ کر سکتے ہیں۔